پاکستان میں دو سے آٹھ نومبر تک ہفتہ بھر کی ذیلی قومی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی، جس میں ستانوے منتخب اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے دو کروڑ انتالیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔ قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق پنجاب کے تیرہ اضلاع میں بانوے لاکھ اٹھہتر ہزار سے زائد، سندھ کے بیس اضلاع میں اڑسٹھ لاکھ تراسی ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا کے ستائیس اضلاع میں اڑتالیس لاکھ آٹھ ہزار سے زائد اور بلوچستان کے اکتیس اضلاع میں بائیس لاکھ سترہ ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں چار لاکھ سینتالیس ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں ایک لاکھ ترپن ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں ایک لاکھ تراسی ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہر مہم میں بچوں کو قطرے ضرور پلائیں، کیونکہ بار بار ویکسینیشن سے ہی مضبوط قوت مدافعت بنتی ہے۔
ماخذ: اردو پوائنٹ / اے پی پی، یکم نومبر 2026۔









