جہلم (بیورو رپورٹ) جہلم شہر کے گنجان آباد علاقوں، گلی محلوں اور اندرون شہر کی سڑکوں پر ریت، بجری، کرش اور اینٹوں سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کی آمدورفت شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بننے لگی ہے، جبکہ ان ٹرالیوں کے داخلے پر پابندی کے باوجود مؤثر عملدرآمد نہ ہونے سے شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
ریت، بجری، کرش اور اینٹوں سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں پر حفاظتی ترپال نہ ڈالنے کے باعث اڑنے والی دھول، مٹی اور ریت سے شہری فضائی آلودگی کا شکار ہو رہے ہیں، جس سے آنکھوں کی بیماریوں، دمہ اور سانس کی دیگر تکالیف میں اضافے کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔
شہریوں اور سماجی، رفاہی و فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم اور قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین شہری مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دن کے اوقات میں اندرون شہر بھاری ٹریکٹر ٹرالیوں کے داخلے پر پابندی کو مؤثر انداز میں یقینی بنائیں، جبکہ بغیر ترپال سامان لے جانے والی ٹرالیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی رکاوٹوں، فضائی آلودگی اور ممکنہ حادثات سے محفوظ بنایا جاسکے۔









