جہلم پریس کلب کا ہنگامی اجلاس، سینئر صحافی ملک فدا حسین اعوان کے خلاف درج مقدمے کی مذمت

جہلم ( الیاس صادق وٹو ) جہلم پریس کلب کا ایک ہنگامی اجلاس صدر مہر محمد الیاس کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری جہلم پریس کلب الیاس صادق وٹو نے کہا کہ جہلم پریس کلب کے معزز رکن اور دنیا نیوز کے بیورو چیف ملک فدا حسین اعوان کے خلاف جہلم پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جس وقت وقوعہ پیش آنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، اس وقت ملک فدا حسین اعوان ایک سرکاری انکوائری کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کے دفتر میں موجود تھے۔
اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ محض درخواست کی بنیاد پر ایف آئی آر کا اندراج انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے اور اس سے صحافی برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے سینئر صحافیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا جو جلد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سے ملاقات کرکے اصل حقائق سے آگاہ کرے گی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ تفتیشی افسر مکمل غیرجانبداری اور میرٹ کی بنیاد پر انکوائری کریں، بے گناہ افراد کو مقدمے سے خارج کیا جائے اور ملک فدا حسین اعوان کے خلاف درج جھوٹی اور بے بنیاد ایف آئی آر کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
صحافی رہنماؤں نے کہا کہ صحافیوں کو حقائق عوام تک پہنچانے کی پاداش میں ہراساں کرنا قابل مذمت ہے اور آزادی صحافت کے منافی اقدامات کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔
اجلاس میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ملک فدا حسین اعوان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف درج مقدمے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔






