مسلسل نااہلی پر ڈی سی جہلم نے تحصیلدار جہلم کی خدمات بورڈ آف ریونیو کے سپرد کر دیں
جہلم (الیاس صادق وٹو)ڈپٹی کمشنر جہلم نے تحصیلدار وجہلم سب رجسٹرار جہلم مسٹر شہزاد احمد کی مسلسل ناقص کارکردگی، عدم تعمیل اور سرکاری ریونیو کے تحفظ میں ناکامی کے باعث ان کی خدمات بورڈ آف ریونیو، پنجاب کے سپرد کر دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ارسال کردہ مراسلے کے مطابق مسٹر شہزاد احمد کی کارکردگی، طرزِ عمل اور انتظامی صلاحیت ایک حساس ریونیو عہدے کے تقاضوں کے برعکس رہی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارہا ہدایات کے باوجود موصوف نے اپنی کارکردگی میں کوئی اصلاحی بہتری نہیں دکھائی اور بالا افسران کے احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کی۔
مراسلے میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پلس (PULSE) پراجیکٹ کے تحت تحصیل جہلم کی کارکردگی تشویشناک حد تک کم رہی، جو ضلع کی بدترین کارکردگیوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ریکارڈ کے مطابق مالی سال 2022-23 کے دوران 115.933 ملین روپے کے آڈٹ پیراز تاحال حل اور وصول نہیں ہو سکے۔
اسی طرح بورڈ آف ریونیو پنجاب کے انسپکٹر آف اسٹامپس کے مطابق 4.153 ملین روپے کی سرکاری واجبات بھی بارہا ہدایات کے باوجود غیر وصول شدہ ہیں۔ مراسلے میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ موصوف کے زیر نگرانی عدالتی مقدمات کی تعداد غیر معمولی حد تک زیادہ ہے جبکہ شہریوں کی شکایات طویل عرصے تک زیر التوا رہتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے مذکورہ صورتحال کو عوامی اور مالی مفاد کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے مسٹر شہزاد احمد کی خدمات فوری طور پر سپرد کرنے اور ان کی جگہ کسی اہل اور مؤثر افسر کی تعیناتی کی سفارش کی ہے۔
مراسلے کی نقل کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو بھی ارسال کر دی گئی ہے جبکہ مسٹر شہزاد احمد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر بورڈ آف ریونیو، لاہور کو رپورٹ کریں۔
0






