پاکستان میں نصف صدی سے موٹر سائیکلیں بنانے والا یاماہا بھی بند
(الیون نیوز)پاکستان میں موٹر سائیکل انڈسٹری کے لیے ایک بڑا دھچکا، یاماہا موٹر سائیکل کمپنی نے ملک میں اپنی پیداوار اور آپریشنز مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یاماہا، جو تقریباً پچاس سال سے پاکستان میں اپنی موٹر سائیکلیں تیار اور فروخت کر رہی تھی، اب سنگین معاشی بحران، درآمدی پابندیوں اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث مزید کاروبار جاری رکھنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ کمپنی کی جانب سے موٹر سائیکلوں کی پیداوار روکنے اور پلانٹ بند کرنے کے بعد ہزاروں ورکرز کے روزگار پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
انڈسٹری ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ، کچی پرزہ جات کی درآمد پر پابندیاں، اور حکومتی پالیسیوں میں عدم تسلسل کے باعث موٹر سائیکل ساز کمپنیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سے قبل دیگر بڑی کمپنیاں بھی وقتاً فوقتاً پیداوار بند کرنے کا اعلان کر چکی ہیں لیکن یاماہا کی مستقل بندش ایک تاریخی نقصان ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یاماہا کے جانے سے نہ صرف خریداروں کے لیے آپشنز محدود ہوں گے بلکہ مستقبل میں موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔
عوامی حلقوں اور صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موٹر سائیکل انڈسٹری کو بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ مزید کمپنیاں پاکستان چھوڑنے پر مجبور نہ ہوں۔






