مائیکروسافٹ کا پاکستان سے 25 سال بعد انخلاء، دفاتر بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (طلحہ راجہ) پاکستان میں کام کرنے والی عالمی شہرت یافتہ آئی ٹی کمپنی مائیکروسافٹ نے ملک میں اپنی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمپنی 25 سال سے پاکستان میں کام کر رہی تھی، تاہم حالیہ فیصلے کے تحت مائیکروسافٹ نے اپنے آپریشنز ختم کرنے اور مقامی دفاتر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان میں مائیکروسافٹ کے تحت کام کرنے والے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا جا رہا ہے، جس سے ملک میں آئی ٹی سیکٹر میں مزید بے روزگاری کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس فیصلے کی باضابطہ وجہ سامنے نہیں آئی، تاہم معاشی صورتحال، پالیسیوں میں عدم استحکام اور کاروباری ماحول میں مشکلات کو اس اقدام کا ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی کمپنیوں کی پاکستان سے روانگی باعث تشویش ہے اور اس کا براہ راست اثر ملکی ٹیکنالوجی سیکٹر اور نوجوانوں کے روزگار پر پڑے گا۔
یاد رہے کہ مائیکروسافٹ پاکستان میں نہ صرف سافٹ ویئر سروسز فراہم کر رہی تھی بلکہ تعلیمی و تربیتی پروگراموں کے ذریعے ہزاروں طلباء و پروفیشنلز کو بھی سہولیات دے رہی تھی۔






