جہلم پولیس کی بڑی کاروائی: ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد، منشیات فروش گرفتار
جہلم (مرزا عبدالجباربیگ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر تھانہ سٹی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اہم کاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ منشیات فروش ملزم شہریار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 01 کلو 100 گرام ہیروئن برآمد کی، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کامیاب کارروائی پر تھانہ سٹی پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خلاف جہلم پولیس کی جانب سے بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی اس بروقت کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ منشیات کے خلاف ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔






