پیرس کے قریب زیر تربیت خاتون ڈرائیور سے بس چلاتے ہوئے دریائے سین میں جا گری

پیرس (نمائندہ خصوصی)تفصیلات کے مطابق پیرس کے نواحی علاقے Juvisy-sur-Orge میں 30 اپریل 2026 کو ایک خطرناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک زیرِ تربیت خاتون ڈرائیور بس چلاتے قابو نہ رکھ سکی اور بس بے قابو ہو کر دریائے سین میں جا گری۔ بس سڑک سے اچانک ہٹ گئی اور پہلے سے ایک پارک کی گئی کار سے ٹکرائی اور پھر اسے ساتھ گھسیٹتے ہوئے دریا میں جا گری، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
تفصیلات کے مطابق بس میں کل چار افراد سوار تھے جن میں ایک زیر تربیت خاتون ڈرائیور، ایک ڈرائیونگ سکھانے والا انسٹرکٹر (ٹیچر) اور دو مسافر شامل تھے۔ جس کار کو بس نے ٹکر ماری وہ سڑک کے کنارے پارک کی گئی تھی اور حادثے کے وقت اس میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، لیکن ٹکر کے نتیجے میں وہ بھی دریائے سین میں جا گری۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں، فائر بریگیڈ، پولیس اور غوطہ خور بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے جبکہ قریبی افراد نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ تمام چاروں افراد کو بروقت پانی سے نکال لیا گیا اور کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی، البتہ چند افراد کو معمولی چوٹیں اور ذہنی صدمہ پہنچا۔
حکام کے مطابق زیر تربیت خاتون ڈرائیور کے الکحل اور منشیات کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ کسی نشے کے باعث نہیں بلکہ ممکنہ طور پر ڈرائیونگ میں غلطی یا گاڑی پر کنٹرول کھونے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
یہ حادثہ انتہائی سنگین نوعیت اختیار کر سکتا تھا، لیکن بروقت امدادی کارروائی اور خوش قسمتی کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
ویڈیو دیکھیں






