0

حکومت پنجاب کا تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں 31 مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

حکومت پنجاب کا تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں 31 مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

لاہور(الیون نیوز)حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پنجاب کے تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے اور توانائی کے وسائل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ایندھن کی سپلائی پر دباؤ کے باعث حکومت نے مختلف شعبوں میں اخراجات اور استعمال کم کرنے کے اقدامات شروع کیے ہیں، جن میں تعلیمی اداروں کی عارضی بندش بھی شامل ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق تعلیمی اداروں میں معمول کی تدریسی سرگرمیاں اس عرصے کے دوران معطل رہیں گی تاہم جہاں ممکن ہو وہاں آن لائن کلاسز کے ذریعے طلبہ کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہونے کے لیے تعلیمی ادارے متبادل تدریسی طریقے اختیار کریں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف تعلیمی بورڈز اور جامعات کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانات اپنے پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور امتحانی سرگرمیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب حکومت نے ایندھن کی بچت کے لیے دیگر اقدامات بھی شروع کیے ہیں جن میں سرکاری محکموں میں غیر ضروری سفری اخراجات کم کرنا، سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی اور بعض اداروں میں ورک فرام ہوم پالیسی شامل ہے۔
حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر حالات بہتر ہوئے تو یکم اپریل سے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں