نگہبان رمضان کارڈز کی تقسیم اور سہولت بازار میں رعایتی اشیاء کی فراہمی جاری، ڈپٹی کمشنر جہلم کی میڈیا بریفنگ
رمضان کے پہلے ہفتے میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، لاکھوں روپے جرمانے
جہلم (الیون نیوز ): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے میڈیا نمائندگان کو رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم سے 7ویں رمضان تک گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر 9 ہزار 746 مقامات پر انسپکشنز کیں، جس کے نتیجے میں 411 افراد کو 14 لاکھ 59 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سنگین خلاف ورزیوں پر 2 مقدمات درج کیے گئے، 57 دکانیں سیل کی گئیں اور 72 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 2 ہزار 398 دکانداروں کو تنبیہ جاری کی گئی تاکہ مصنوعی مہنگائی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
نگہبان رمضان کارڈز اور دسترخوانوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کے لیے مختص 20 ہزار 256 کارڈز میں سے 16 ہزار 407 موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے 9 ہزار 285 خاندان اپنی رقوم وصول کر چکے ہیں، جبکہ بقیہ 3 ہزار 733 کارڈز کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 10 نگہبان رمضان دسترخوان فعال ہیں، جن میں سے 4 جہلم شہر میں جبکہ دیگر تحصیلوں میں 2، 2 دسترخوان قائم کیے گئے ہیں جہاں مستحق افراد کو باوقار طریقے سے افطار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے نگہبان رمضان سہولت بازار جہلم کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بازار میں شہریوں کی سہولت کے لیے 22 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں جہاں اشیائے خوردونوش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ سہولت بازار میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور اشیاء کی کوالٹی و قیمتوں کی روزانہ کی بنیاد پر جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں نگرانی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
0






