پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے لیے معیاری ڈریس کوڈ نافذ کرنے کا حکم

لاہور (عمران احمد چوہدری ) حکومتِ پنجاب کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے لیے معیاری اور یکساں ڈریس کوڈ نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس پر 23 فروری 2026 سے عملدرآمد ہوگا۔
محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تدریس ایک باوقار پیشہ ہے جو معاشرے میں عزت، اختیار اور اخلاقی رہنمائی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اساتذہ کی شخصیت، وقار اور پیشہ ورانہ شناخت ان کے طرزِ عمل اور لباس سے جھلکتی ہے، لہٰذا ڈریس کوڈ کا مقصد تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، مساوات اور بہتر تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اساتذہ تدریسی اوقات میں سیاہ گاؤن پہننے کے پابند ہوں گے، جو علمی وقار، پیشہ ورانہ برابری اور سنجیدگی کی علامت ہوگا۔ یہ گاؤن باوقار اور مہذب لباس کے اوپر پہنا جائے گا اور سماجی و اخلاقی اقدار کے مطابق ہوگا۔
مرد اساتذہ کے لیے سادہ اور سنجیدہ رنگوں میں شلوار قمیض یا پینٹ شرٹ جبکہ بند جوتے یا پٹی والی سینڈل تجویز کی گئی ہے۔ خواتین اساتذہ کے لیے باوقار اور مناسب لباس کے ساتھ بند جوتے یا مہذب سینڈل کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈی ای اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلعی اور اسکول سطح پر مؤثر نگرانی کے ذریعے اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اداروں کے سربراہان روزمرہ کی بنیاد پر ڈریس کوڈ کی پابندی کے ذمہ دار ہوں گے۔
حکومت نے اس معاملے کو “انتہائی اہم” قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس پر من و عن عمل کیا جائے۔






