جہلم: غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو قتل کر دیا، ائیرپورٹ سے گرفتار
جہلم (ایم سلطانآغا) تھانہ جلالپور شریف کی حدود میں واقع علاقہ وگھ میں افسوسناک واقعہ، بھائی نے غیرت کے نام پر اپنی سگی بہن کو گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزم کے والد کو حراست میں لے لیا جبکہ مقتولہ کے بھائی کو بیرون ملک فرار کی کوشش کے دوران ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اویس عارف نامی شخص نے گھریلو تنازع اور غیرت کے نام پر اپنی بہن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم کے والد نے اصل حقائق چھپاتے ہوئے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور نامعلوم افراد کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا۔
تاہم تفتیش کے دوران حقائق سامنے آنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے والد کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ دوسری جانب، اویس عارف کو بیرون ملک فرار کی کوشش کے دوران ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری ہے اور مقدمہ کی تفتیش کو میرٹ پر مکمل کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






