0

اس عظیم دن کی مناسبت سے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ تکبیر نہ صرف پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب ہے بلکہ یہ قومی شعور، یکجہتی اور جرات ایمانی کا استعارہ بھی ہے۔ صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس

جہلم (ایم سلطان) جہلم 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب مملکت خداداد نے عالم اقوام میں اپنی خودداری اور دفاعی خود کفالت کا اعلان پوری آب و تاب سے کیا۔ یہ دن اس عزم راسخ، استقلال اور قومی غیرت کا مظہر ہے جو پاکستانی قوم کی رگوں میں موجزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز جہلم پریس کلب میں منعقدہ 28 مئی کے حوالے سے تقریب میں صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہر محمد الیاس نے اس عظیم دن کی مناسبت سے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ تکبیر نہ صرف پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب ہے بلکہ یہ قومی شعور، یکجہتی اور جرات ایمانی کا استعارہ بھی ہے۔

چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے کہا کہ 28 مئی کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ جب قومیں اپنی منزل کا تعین بصیرت، بہادری اور تدبر سے کرتی ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کے راستے کی دیوار نہیں بن سکتیں۔ سرپرست اعلیٰ راجہ جہانزیب خان ترک نے کہا کہ جہلم کی صحافی برادری پوری جانفشانی، پیشہ وارانہ بصیرت اور عزمِ صمیم کے ساتھ حقائق پر مبنی صحافت کر رہی ہے۔ جہلم کے صحافیوں کا اعزاز ہے کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنا اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا ضلع جہلم کے صحافیوں کا طرۂ امتیاز ہے۔

جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو نے کہا کہ ہمارا عہد ہے کہ ہم صحافتی محاذ پر ریاست پاکستان کے مفادات کے محافظ بن کر کھڑے رہیں گے۔

سابق صدر جہلم پریس کلب ملک وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ 28 مئی کا دن ہمارے لیے صرف ایک قومی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری کا دن بھی ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مضبوط دفاع صرف میزائلوں سے نہیں، بلکہ قومی اتحاد، سچائی پر مبنی صحافت اور مثبت کردار سے ممکن ہوتا ہے۔ صحافیوں کا فرض ہے کہ وہ قوم کو درست معلومات فراہم کر کے قومی سلامتی اور شعور کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر سینئر صحافی عامر کیانی، صدر الیکٹرانک میڈیا نے کہا کہ یومِ تکبیر ہماری قومی غیرت، خودداری اور سائنسی و عسکری صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ اس دن نے ہمیں یہ سبق دیا کہ اگر قوم متحد ہو، قیادت مخلص ہو اور منزل واضح ہو تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں جھکا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو چاہیے کہ وہ اس دن کے پیغام کو اجاگر کرے اور نئی نسل کو اس کی اہمیت سے روشناس کروائے۔

اس موقع پر نائب صدر جہلم پریس کلب قدیر بیگ نے کہا نے کہا کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک ایسا درخشاں باب ہے جس نے پوری دنیا پر ثابت کر دیا کہ ہم نہ صرف پرامن قوم ہیں بلکہ اپنے دفاع سے غافل بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی وقار، سلامتی اور استحکام کے پہلو کو اجاگر کرتے رہیں۔ جہلم کی صحافی برادری نے ہمیشہ اپنی تحریروں اور آواز سے قومی مفاد کا پرچم بلند رکھا ہے، اور یہ روایت آئندہ بھی برقرار رہے گی۔

معروف سینئر صحافی محمد و سرپرست جہلم پریس کلب محمد امجد بٹ نے اس موقع پر کہا
28 مئی یوم تکبیر ہماری قومی خودداری، اتحاد اور دفاعی طاقت کی علامت ہے۔ اس دن پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم ایک خودمختار قوم ہیں جو اپنے دفاع سے غافل نہیں۔ ہم شہداء، سائنسدانوں اور تمام محب وطن افراد کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس تاریخی کارنامے میں اپنا کردار ادا کیا۔”

سابق جنرل سیکرٹری جہلم پریس کلب سید اکرم شاہ بخاری نے اس موقع پر کہا 28 مئی کا دن ہماری قومی تاریخ کا وہ درخشاں لمحہ ہے جب پاکستان نے اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر ہم متحد ہوں تو کوئی طاقت ہمیں جھکا نہیں سکتی۔ یومِ تکبیر ہمارے عزم، حوصلے اور قربانیوں کی روشن علامت ہے۔

اس موقع پر معروف سینئر صحافی میاں محمد ساجد نے کہا یومِ تکبیر ہماری قومی تاریخ کا وہ دن ہے جب پاکستان نے دشمنوں کو واضح پیغام دیا کہ ہم نہ صرف پرامن قوم ہیں بلکہ اپنے دفاع سے بھی غافل نہیں۔ یہ دن ہمیں اتحاد، قربانی اور قیادت پر اعتماد کا درس دیتا ہے۔ ہمیں اپنے سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور قومی قیادت پر فخر ہے جنہوں نے اس کارنامے کو ممکن بنایا۔”

ان کے علاوہ واحد خاتون سینئر صحافی میڈم صائمہ سحرر نے کہا 28 مئی صرف ایک تاریخی دن نہیں، بلکہ یہ ہماری قومی خودمختاری، قومی وقار اور دفاعی خودانحصاری کی روشن علامت ہے۔ بطور خاتون صحافی، میں اس دن کو نہ صرف ایک ریاستی کامیابی بلکہ ہر پاکستانی کے حوصلے، قربانی اور اتحاد کی جیت سمجھتی ہوں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو اس دن کی اہمیت سے روشناس کرائیں تاکہ وہ پاکستان کے دفاع اور ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔”
اس کے علاوہ سینئر صحافی مستفیض اقبال بخاری یومِ تکبیر پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب ہم نے دنیا کو بتا دیا کہ ہمارا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ یہ دن صرف ایک ایٹمی تجربے کا دن نہیں بلکہ قومی غیرت، خودداری اور یکجہتی کی علامت ہے۔ ہمیں اس دن کو نہ صرف فخر کے ساتھ یاد رکھنا چاہیے بلکہ اسے اپنی آئندہ نسلوں کو وطن سے محبت اور قربانی کا سبق دینے کا ذریعہ بنانا چاہیے۔”

ان کے علاوہ جہلم پریس کلب کے سینئر صحافی چوہدری مہربان حسین، حاجی محمد طاہر ۔ عبدالرحمن قادری، عبدالقادر مخلص۔ ملک اعجاز اعوان ۔ ملک فدا حسین ۔سید مظہر عباس، چوہدری تصور حسین، سید ناصر محمود، شہریار علی، راجہ عبدالغفار، چوہدری دانیال عابد، مرزا فاران بیگ، اسماعیل افتخار، مرزا زین بیگ، انیس الرحمن بٹ، محمد ادریس، فضل حسین خان، عاطف بٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں