یونین آف لینڈ ریونیو فیلڈ آفیسرز تحصیل جہلم کا ہنگامی اجلاس، فرائض میں کوتاہی پر سخت کارروائی کا فیصلہ
جہلم(مرزا عبدالجباربیگ)یونین آف لینڈ ریونیو فیلڈ آفیسرز (جسے عام طور پر انجمن پٹواریان و قانون گو کہا جاتا ہے) تحصیل جہلم کا ایک ہنگامی اجلاس 27 مئی 2025 کو منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر یونین واجد نعیم پٹواری نے کی، جب کہ جنرل سیکرٹری عرفان خان ریاض سمیت دیگر عہدیداران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں یونین کے تنظیمی امور، کارکردگی، اور فیلڈ ڈیوٹیز کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر واجد نعیم پٹواری نے کہا کہ محکمہ مال کے فیلڈ افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے، اور اس میں کوتاہی یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر درج ذیل نکات پر فوری عملدرآمد کا اعلان کیا گیا:
1. تمام فیلڈ افسران کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے گی۔
2. اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر بالا افسران کی ہدایات پر مکمل عمل یقینی بنایا جائے گا۔
3. افسران بالا کے دورے کے دوران تمام ریونیو افسران کی حاضری اور کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیا جائے گا۔
یونین نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ عناصر یونین کے نام پر ذاتی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے افراد کے خلاف تنظیمی قواعد و ضوابط کے تحت 100 فیصد سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
صدر یونین نے واضح کیا کہ محکمانہ وقار اور عوامی اعتماد بحال رکھنے کے لیے تمام افسران کو اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونین کسی بھی غیر قانونی اقدام کی نہ تو حمایت کرے گی اور نہ ہی برداشت۔






