0

جہلم اور گرد و نواح میں طوفانی آندھی سے تباہی، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

جہلم اور گرد و نواح میں طوفانی آندھی سے تباہی، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

جہلم (مرزا عبدالجبار بیگ) جہلم اور اس کے گرد و نواح میں آنے والی شدید آندھی اور طوفانی ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ مختلف علاقوں میں درخت، دیواریں اور چھتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے جن کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور مالی نقصان بھی ہوا۔

رپورٹ کے مطابق، پنجاب کالج کے میں نصب لوہے کا ایک دیو قامت چھپر طوفانی ہواؤں کی شدت سے اکھڑ کر قریبی گھروں پر جا گرا، جس سے کئی مکانات کی دیواریں منہدم ہو گئیں۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متعدد خاندانوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔


جاں بحق افراد کی تفصیلات:

گل افشاں کالونی میں ایک نوجوان درخت گرنے سے جاں بحق ہو گیا۔

ویسٹ کالونی میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

ڈھوک وہاب دین میں ایک ہوٹل کی دیوار گرنے سے وہاں کام کرنے والا ویٹر جاں بحق ہو گیا۔

زخمیوں کی صورتحال:

دینہ میں مویشی منڈی کے قریب دیوار گرنے سے 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔

پنڈ دادن خان میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

طوفان کے باعث شہر بھر میں گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پلیٹس، ہورڈنگ بورڈز، پانی کی ٹنکیاں اور دیگر سامان زمین بوس ہو گیا۔ متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی درختوں اور بورڈز کے نیچے آکر تباہ ہو گئیں۔

ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم اور ریسکیو 1122 نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا سروے بھی شروع کر دیا ہے تاکہ متاثرین کی فوری داد رسی اور بحالی ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں