ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادن خان کی ڈھریالہ جلاب میں انسداد تجاوزات کی کارروائی

جہلم (ایم سلطان) ڈپٹی کمشنر جہلم کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادن خان نے لِلہ-جہلم ڈوئل کیریج وے پر واقع علاقے ڈھریالہ جلاب میں انسداد تجاوزات کی بھرپور کارروائی کی۔ اس کارروائی کا مقصد سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ ختم کر کے عوامی راستوں کو بحال کرنا تھا۔
کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں متعلقہ عملے نے متعدد غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹوں کو مسمار کیا، جن سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی بلکہ مقامی آبادی کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ انسداد تجاوزات مہم کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا اور پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود رہی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادن خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی سرکاری زمین پر قبضہ کرنے یا عوامی سہولیات میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔






