0

عید الاضحی پر صفائی، سیکیورٹی اور آلائشوں کی بروقت تلفی ہماری اولین ترجیح ہے: ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس

عید الاضحی پر صفائی، سیکیورٹی اور آلائشوں کی بروقت تلفی ہماری اولین ترجیح ہے: ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس

جہلم (مرزا عبدالجباربیگ) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز، محکمہ صحت، ویٹرنری، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے جامع پلان ترتیب دیں، تاکہ صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں صفائی ستھرائی کے لیے عملہ، مشینری اور آلائشیں اٹھانے کے لیے گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ نیز، شہریوں کو قربانی کے بعد آلائشیں مناسب طریقے سے رکھنے کے لیے ویسٹ بیگز بھی مہیا کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ عوام کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے، عید کے ایام میں اہم مقامات اور عبادت گاہوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

انہوں نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی کہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں میں اسٹاف کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور ایمبولینسز کو الرٹ رکھا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں مکمل رابطہ اور تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ عوام کو عید الاضحی کے موقع پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں