ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری — بھارت کے خلاف حالیہ جنگ میں کامیابی پر خراجِ تحسین
اسلام آباد(طلحہ راجہ )وفاقی کابینہ نے پاکستان فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے، بلکہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران فضائی محاذ پر دشمن کے خلاف حاصل کی گئی نمایاں کامیابی پر انہیں خراجِ تحسین بھی سمجھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ملکی سلامتی کے معاملات پر غور کیا گیا۔ اس دوران ایئر چیف مارشل کی قیادت میں پاکستان فضائیہ کی جانب سے بھارت کے جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب دینے اور قومی فضائی حدود کے مؤثر دفاع کو سراہتے ہوئے ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔
یاد رہے کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے نہایت مہارت، دانشمندی اور جرات کے ساتھ فضائی کارروائیوں کی قیادت کی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے دشمن کے جنگی عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ان کی زیر قیادت پاکستان فضائیہ نے بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔
ایئر چیف مارشل نے مارچ 2021 میں پاک فضائیہ کی کمان سنبھالی تھی، اور ان کے دور میں فضائیہ نے تکنیکی ترقی، دفاعی تیاری، اور جدید ترین فضائی ہتھیاروں کے حصول میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق، ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا باضابطہ دورانیہ جلد جاری کر دیا جائے گا۔






