0

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا آر ٹی عریبیہ کو خصوصی انٹرویو: “پاکستان امن چاہتا ہے مگر اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا”

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا آر ٹی عریبیہ کو خصوصی انٹرویو: “پاکستان امن چاہتا ہے مگر اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا”

راولپنڈی (طلحہ راجہ)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے آر ٹی عریبیہ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں پاک بھارت کشیدگی، بھارتی الزامات، اور پاکستان کے مؤقف پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے اور پاکستان کو جھوٹے بیانیے کے ذریعے بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے چند منٹ بعد ہی بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے بغیر کسی تحقیق اور شواہد کے پاکستان پر الزامات عائد کرنا شروع کر دیے، جبکہ بھارتی وزارتِ خارجہ نے بھی دو دن بعد یہ تسلیم کیا کہ تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانا کہاں کی دانشمندی ہے؟

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کو پیشکش کی کہ اگر اس کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ کسی غیر جانبدار بین الاقوامی ادارے کو فراہم کرے، ہم مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں۔ لیکن بھارت نے اس معقول پیشکش کو رد کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر پاکستانی سرزمین پر حملہ کیا جس میں معصوم شہری بشمول خواتین، بچے اور بزرگ شہید ہوئے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کی سرپرستی بند کرے، چاہے وہ خوارج ہوں یا بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد گروہ۔ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاک افواج ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کی اپنی مقدس ذمہ داری پوری کر رہی ہیں اور آئندہ بھی ہر قیمت پر اس کو نبھائیں گی۔

انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے پاکستان پر میزائل داغے جن کے جواب میں پاک فضائیہ نے دشمن کے پانچ طیارے مار گرائے۔ 9 اور 10 مئی کی شب بھارت نے مزید حملوں کی کوشش کی، لیکن پاکستان نے نہایت ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دشمن کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور کسی بھی شہری ہدف کو نقصان نہیں پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک مناسب، منصفانہ اور متوازن جواب دیا جس کے بعد بھارتی وزارتِ دفاع نے خود جنگ بندی کی درخواست کی جسے پاکستان نے قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک سنجیدہ، بالغ نظر اور امن پسند قوم ہے اور ہماری پہلی ترجیح ہمیشہ امن ہی رہی ہے۔

آخر میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکہ جیسی عالمی طاقتیں بہتر انداز میں سمجھتی ہیں کہ پاکستان کے عوام کا جذبہ کیا ہے، اور ہماری سفارتی کوششوں نے دنیا کو پاکستان کے مؤقف سے مؤثر انداز میں آگاہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں