0

جہلم شہر کی تزئین و آرائش کے متعدد منصوبوں پر کام جاری کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کی خصوصی ہدایت پر عملی اقدامات

جہلم شہر کی تزئین و آرائش کے متعدد منصوبوں پر کام جاری
کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کی خصوصی ہدایت پر عملی اقدامات

جہلم (الیاس صادق وٹو) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی خصوصی ہدایت پر جہلم شہر کو جدید، خوبصورت اور معیاری بنانے کے لیے مختلف بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے بیوٹیفکیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں شہر کی موجودہ صورتحال، ترقیاتی کاموں کی رفتار اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے شہر کے داخلی راستوں، پارکوں، چوراہوں اور دیگر عوامی مقامات کو خوبصورت بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہری خوبصورتی کے منصوبوں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، وال پینٹنگ، شجرکاری، گرین بیلٹس کی بحالی اور سڑکوں کی مرمت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور پُرکشش ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

محمد میثم عباس کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ محکموں کو متحرک کر دیا گیا ہے اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر منصوبے پر معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مہم میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جہلم کو ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ بیوٹیفکیشن کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں