وفاقی حکومت کا بڑا اعلان: 16 مئی کو یوم تشکر منایا جائے گا
اسلام آباد(طلحہ راجہ)وفاقی حکومت نے معرکۂ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں 16 مئی بروز جمعہ کو “یوم تشکر” منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی عوام اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
یوم تشکر کے دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
یوم تشکر کے موقع پر مزار قائد (کراچی) اور مزار اقبال (لاہور) پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ ملک بھر میں یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے جائیں گے اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی۔
وفاقی حکومت کے مطابق یوم تشکر کی مرکزی تقریب آج رات اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ یہ دن ملک کی تاریخ میں ایک نئی جہت کی علامت کے طور پر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اتحاد، یکجہتی اور قومی عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔






