ایکسائز راولپنڈی کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد، مرد و خاتون گرفتار




راولپنڈی(طلحہ راجہ)ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہی دن میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مار کر کروڑوں روپے مالیت کی کرسٹل آئس برآمد کرلی۔ کارروائی کے دوران ایک مرد اور ایک خاتون کو گرفتار کر کے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے۔
ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ کامیاب کارروائیاں ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی عمران اسلم کی خصوصی ہدایات پر ای ٹی او ایکسائز گلشیئر احمد کی نگرانی میں عمل میں آئیں۔ ٹیم میں انسپکٹر جہانگیر خان، فیا ض بابر، کانسٹیبل ہاشم خان اور جواد محمود شامل تھے۔
پہلی کارروائی تھانہ روات کے علاقے میں واقع مین جی ٹی روڈ پر ہیسکول پٹرول پمپ کے قریب ناکے کے دوران کی گئی، جہاں مخبر کی اطلاع پر ایک مسافر بس کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران بس میں سوار سرائے عالمگیر کے رہائشی عمران شہزاد کے قبضے سے ایک کلو سے زائد کرسٹل آئس برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔
اسی روز دوسری کارروائی میں ایک اور مخبری پر راولپنڈی سے آنے والی ایک ہائی ایس گاڑی کو روکا گیا۔ گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھی خاتون کنزہ شہزادی کی لیڈی پولیس کے ذریعے تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں اس کے قبضے سے ساڑھے تین سو گرام کرسٹل آئس برآمد ہوئی۔ خاتون کو بھی موقع پر گرفتار کر کے تھانہ روات منتقل کر دیا گیا۔
محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے دونوں ملزمان کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت تھانہ روات میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ڈائریکٹر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول راولپنڈی عمران اسلم نے کامیاب کارروائیوں پر ای ٹی او گلشیئر احمد اور ان کی ٹیم کو بھرپور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل جاری رہے گا اور عوام کے تعاون سے آئندہ بھی ایسے عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جاتا رہے گا






