پنجاب: شادی کے بعد خواتین اساتذہ کو تبادلے کی خصوصی سہولت دینے کا فیصلہ
لاہور۔ الیون نیوز (بیورورپورٹ) محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے خواتین اساتذہ کی سہولت کے لیے تبادلہ پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے شادی کے بعد شوہر کے ضلع میں تبادلہ کی اجازت دے دی ہے۔
ترمیم شدہ ای ٹرانسفر پالیسی 2024 کے مطابق:
شادی شدہ خواتین اساتذہ اب دورانِ سروس ایک بار اپنے شوہر کے رہائشی ضلع یا کام کی جگہ پر تبادلے کی درخواست دے سکتی ہیں۔
اس نئی سہولت کو ’’ہارس شپ کیسز‘‘ یعنی ’’مشکل حالات‘‘ کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے تاکہ خاندانوں کو اکٹھا رکھنے میں آسانی ہو۔
اس زمرے میں تبادلے سال کے کسی بھی وقت کیے جا سکیں گے، جب کہ پہلے یہ مخصوص اوقات یا مراحل تک محدود تھے۔
اگر کوئی خاتون استاد ضلع یا ڈویژن کی حدود سے باہر تبادلہ چاہتی ہے، تو موجودہ ضلع کا محکمہ تعلیم متعلقہ ضلع سے این او سی (No Objection Certificate) حاصل کرے گا۔ اس عمل کو شفاف، مؤثر اور منظم بنانے کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
مزید برآں، نئی پالیسی کے تحت مختلف ’’ہارس شپ‘‘ کیٹیگریز کو ترجیحی بنیادوں پر درجہ بندی دی گئی ہے، جو درج ذیل ہیں:
1. طلاق یافتہ، بیوہ یا علیحدہ رہنے والی خواتین
2. معذور افراد
3. سنگین طبی مسائل
4. بیوہ خواتین
5. سنگل والدین
6. شادی کے بعد تبادلہ کی خواہشمند خواتین اساتذہ
اگر ایک ہی کیٹیگری میں متعدد درخواستیں موصول ہوں، تو ان اساتذہ کو ترجیح دی جائے گی جو اپنے گھر سے سب سے زیادہ دور تعینات ہوں۔






