0

میں تمہاری فتح کو کس کے نام کروں؟ تحریر: محمد امجد بٹ

میں تمہاری فتح کو کس کے نام کروں؟

تحریر: محمد امجد بٹ

جب رات کی تاریکی میں بزدل دشمن ہمارے آسمانوں پر وار کرتا ہے تو وہ یہ بھول جاتا ہے کہ یہ وطن، فقط ایک زمین کا ٹکڑا نہیں … یہ مدینہ کی گلیوں کی خوشبو، بدر و احد کے غازیوں کی وراثت اور کربلا کے سجدے کا تسلسل ہے۔ وہ یہ بھول جاتا ہے کہ یہ قوم “شہادت” کا ترانہ گنگناتی ہے، اور ہماری فوج صرف وردی نہیں پہنتی، یہ ایمان، تقویٰ اور قربانی کی چادر اوڑھے کھڑی ہوتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا پیغام صرف ایک عسکری بیان نہیں، بلکہ یہ اُس غیرتِ ملی کی گونج ہے جس نے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والوں کو ہم ایسا زخم دیں گے جو وقت کے ساتھ ناسور بن جائے گا۔
آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن کے غرور کو مٹی میں ملا دیا۔ بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں جب ہمارے شاہینوں نے سرحد پار کاری وار کیا، تو صرف ہدف تباہ نہیں ہوئے . ایک ناپاک خواب بھی بکھر گیا۔ وہ خواب، جس میں مودی اسرائیل کی چھتری تلے غزہ کی خاک کو پاکستان کی سرزمین پر مسلط کرنا چاہتا تھا۔
مودی سن لے!
پاکستان غزہ نہیں۔
یہ وہ سرزمین ہے جسے خالقِ کائنات نے لاالہ الا اللہ کی بنیاد پر چُنا۔ یہاں کا بچہ بچہ افواجِ پاکستان کا سپاہی ہے، یہاں کی مائیں بیٹے پالتی ہیں شہادت کے لیے، اور یہاں کے سپاہی موت کو زندگی کی معراج سمجھ کر گلے لگاتے ہیں۔
یہ وہ لمحہ ہے جب نہ صرف جہلم، لاہور، کراچی اور پشاور میں جشن کا سماں ہے، بلکہ غزہ کے مظلوم چہرے بھی پاکستان کی طرف امید سے دیکھ رہے ہیں۔ یمن کے کھنڈر، شام کی ویران گلیاں، فلسطین کی خون آلود پتھریلی زمین .. سب کو اس سبز ہلالی پرچم سے اُمید بندھ چکی ہے کہ کہیں تو ایک امت زندہ ہے!
افواجِ پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا کہ ہم محض ردعمل نہیں دیتے، ہم دشمن کے قدموں تلے زمین بھی کھینچ لیتے ہیں۔ بھارت کا پاگل پن، اسرائیلی سازش، اور مغرب کی چالاکیاں .. ان سب کے جواب میں ہماری وحدت، ہمارے جذبے اور ہماری عسکری حکمت عملی نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔
میں تمہاری فتح کو کس کے نام کروں؟
اُس شہید کے نام جو ماں کی آخری دعا لے کر روانہ ہوا؟
اُس پائلٹ کے نام جس نے دشمن کی زمین پر آگ برسا کر وطن کی مٹی چومی؟
یا اُس فلسطینی بچے کے نام جو پاکستانی پرچم دیکھ کر “اللّٰہ اکبر” کا نعرہ لگاتا ہے؟
اے افواجِ پاکستان! تم صرف ہماری سرحدوں کے محافظ نہیں،
تم پوری امت کی عزت کے نگہبان ہو۔
تمہاری فتح صرف ہماری فتح نہیں،
یہ امت مسلمہ کے بکھرے خوابوں کا دوبارہ جوڑنا ہے۔
اور اب اگر مودی پھر آئے،
تو جان لے … ہم تیار ہیں، ہم بیدار ہیں، ہم ایک ہیں۔
کیونکہ پاکستان ایک ذمہ دار اور غیرت مند ریاست ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں