0

جہلم سول ڈیفنس میں نوجوانوں کی رجسٹریشن، جذبہ حب الوطنی کا عملی اظہار

سول ڈیفنس میں نوجوانوں کی رجسٹریشن، جذبہ حب الوطنی کا عملی اظہار

جہلم (عابد محمودچوہدری)جہلم میں موجودہ ملکی حالات اور سلامتی کے تقاضوں کے پیش نظر سول ڈیفنس میں نوجوانوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں نوجوان اس قومی خدمت کے مشن میں شامل ہونے کے لیے آگے آ رہے ہیں۔ ان نوجوانوں کا جذبہ دیدنی ہے جو اس بات کا عملی مظاہرہ ہے کہ وہ اپنے وطن عزیز پاکستان کی خدمت اور دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے یہ قدم ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی خصوصی ہدایات پر اٹھایا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو منظم انداز میں سول ڈیفنس جیسے اہم ادارے کے ذریعے تربیت دینا اور ہنگامی حالات میں ان کی خدمات کو بروئے کار لانا ہے۔ سول ڈیفنس ایک ایسا ادارہ ہے جو قدرتی آفات، جنگی حالات یا دیگر ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

رجسٹر ہونے والے نوجوانوں کو مکمل طور پر سول ڈیفنس کی عملی اور نظری تربیت دی جائے گی، جس میں آگ بجھانے کی مہارت، ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ)، ریسکیو آپریشنز، ہجوم کو کنٹرول کرنا، بم یا مشکوک اشیاء سے نمٹنے کے طریقے اور ہنگامی حالات میں عوام کی حفاظت جیسے اہم پہلو شامل ہیں۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد ان رضاکاروں کو کسی بھی ہنگامی حالت میں فوراً تعینات کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ عوام کی مدد کر سکیں۔

ضلعی سطح پر یہ پہل اس بات کی دلیل ہے کہ ریاست اور شہریوں کے درمیان رشتہ مضبوط ہو رہا ہے، اور عوام الناس خصوصاً نوجوان طبقہ وطن کے دفاع اور شہری فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل ابھی جاری ہے، اور مزید نوجوانوں کو اس قومی خدمت کے پلیٹ فارم پر خوش آمدید کہا جائے گا۔ سول ڈیفنس کی جانب سے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو رضاکار کے طور پر رجسٹر کروائیں تاکہ آنے والے وقتوں میں ایک تربیت یافتہ اور منظم رضاکار فورس دستیاب ہو جو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے میں مدد دے سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں