جہلم میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی، وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کو ناکامی کا سامنا
جہلم (مرزا عبدالجبار بیگ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “صاف ستھرا پنجاب” کے وژن کو جہلم شہر میں شدید دھچکا لگا ہے، جہاں صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ چند مرکزی سڑکوں پر رسمی جھاڑو لگانے تک محدود ہے، جبکہ شہر کے گلی محلوں، ملحقہ آبادیوں اور رہائشی کالونیوں میں صفائی کا کوئی پرسان حال نہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کمپنی کا عملہ اکثر کوڑا کرکٹ جلانے میں مصروف رہتا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے مقرر کردہ ٹھیکیدار اور اس کا عملہ صرف زبانی جمع خرچ میں مصروف ہے۔ آغاز میں چند دن عملہ متحرک رہا، لیکن جلد ہی صفائی کے نظام کو نظر انداز کر دیا گیا۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب، اور سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کیا جائے اور ایک فرض شناس، ایماندار اور تجربہ کار ٹھیکیدار کو صفائی کا ذمہ دیا جائے، تاکہ جہلم کو ایک صاف ستھرا اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔






