ڈپٹی کمشنر جہلم نے 1122 سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ، رہنے کا حکم جاری کر دیا
جہلم (الیاس صادق وٹو) موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کی ہدایت پر ضلع بھر میں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ممکنہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری طور پر خدمات فراہم کی جا سکیں۔ پنجاب پولیس سمیت تمام سیکیورٹی ادارے الرٹ پر ہیں اور عوام کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید برآں، پنجاب بھر کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی بھی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ صحت کی سہولیات میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔






