0

جہلم: محمدی چوک کے قریب 6 دکانوں کے بجلی میٹر چوری، دکاندار پریشان، پولیس کی خاموشی تشویشناک

جہلم: محمدی چوک کے قریب 6 دکانوں کے بجلی میٹر چوری، دکاندار پریشان، پولیس کی خاموشی تشویشناک

جہلم (عامر کیانی) تھانہ سٹی کے علاقہ محمدی چوک میں چوری کی انوکھی واردات، نامعلوم چور ایک ہی رات میں سخی مارکیٹ کی 6 دکانوں کے بجلی کے میٹر اتار کر فرار ہو گیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے، لیکن پولیس تاحال موقع پر نہ پہنچ سکی۔

تفصیلات کے مطابق سب اربن ڈویژن کے علاقے میں واقع سخی مارکیٹ میں چوروں نے غیر معمولی چالاکی سے بجلی کے میٹر چرا لیے، جس کا انکشاف صبح اس وقت ہوا جب دکانداروں نے دکانیں کھولیں تو بجلی بند ہونے کے باعث پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔ جب جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ میٹر غائب ہیں، جس کے بعد متعلقہ پولیس اسٹیشن کو فوری طور پر اطلاع دی گئی۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو پولیس کو فراہم کرنے کے باوجود ابھی تک کوئی اہلکار موقع پر نہیں پہنچا اور نہ ہی کسی قسم کی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ دکانداروں نے اس تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس کی یہی روش رہی تو جرائم پیشہ افراد کے حوصلے مزید بلند ہوں گے۔

دکانداروں نے آئی جی پنجاب، ڈی پی او جہلم اور آئیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس انوکھے جرم میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسی وارداتوں کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں