0

جہلم۔۔اکرم شہید روڈ پر اے سی چوری کرنے والا رنگے ہاتھوں گرفتار، چوکیدار کی بروقت کارروائی سے پولیس کو اطلاع دی گئی

اکرم شہید روڈ پر اے سی چوری کرنے والا رنگے ہاتھوں گرفتار، چوکیدار کی بروقت کارروائی سے پولیس کو اطلاع دی گئی

جہلم(الیاس صادق وٹو)تھانہ سٹی کے علاقے اکرم شہید روڈ پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اے سی چوری کرنے والے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار چور نے جہلم کے ایک ممتاز سیاسی اور کاروباری شخصیت راجہ عدنان اصغر کے دفتر سے اے سی چوری کرنے کی کوشش کی، تاہم اس چوری کی کوشش کو دفتر کے چوکیدار نے ناکام بنا دیا۔

چوکیدار نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چور کو موقع پر ہی قابو میں کیا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر چور کو حراست میں لے لیا۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ یہی ملزم اس سے قبل بھی شہر کی ایک اور ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیت، ملک نثار فردوس (ہوٹل جی ٹی ایس چوک والے) کے ہوٹل سے بھی اے سی چوری کر چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ایک منظم گینگ کا رکن ہے جو گھروں اور دفاتر سے اے سی چوری کرنے میں ملوث ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، “چوکیدار کی بروقت کارروائی اور پولیس کی فوری رسپانس کی بدولت نہ صرف ایک بڑی چوری ناکام ہوئی بلکہ ایک اہم گینگ کے رکن کی گرفتاری عمل میں آئی۔” مزید کہا گیا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور توقع ہے کہ اس کے ذریعے گینگ کے دیگر ارکان تک بھی پہنچا جا سکے گا۔

شہریوں اور عوامی حلقوں نے چوکیدار کی ہمت اور پولیس کی موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے جلد پاک کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں