راولپنڈی (طلحہ راجہ) ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن عمران اسلم نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضلعی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفاتر کو اتوار کے روز بھی کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ان احکامات کا مقصد شہریوں کو گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس جمع کرانے، پراپرٹی ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس کی ادائیگی سمیت دیگر ایکسائز سے متعلقہ امور میں آسانی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے ضروری کام بغیر کسی تاخیر کے مکمل کر سکیں۔
عمران اسلم نے کہا کہ عوام کی سہولت ہماری اولین ترجیح ہے، اور دفاتر کا اتوار کے روز کھلا رہنا شہریوں کو دفتر میں رش سے بچانے اور ان کے قیمتی وقت کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔
انہوں نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ عملے کی مکمل حاضری یقینی بنائیں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ کسی بھی مسئلے یا شکایت کی صورت میں شہری براہ راست متعلقہ دفتر یا ڈائریکٹوریٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
0






