جہلم(نمائندہ الیون نیوز) مدثر رضا گوندل، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انسپکٹر جہلم، نے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں اور ریاستی دہشتگردی شدید مذمت کرتا ہوں کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد میں جس حوصلے اور قربانی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ پاکستان ہر سطح پر ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
بھارت کی آبی جارحیت بھی ایک خطرناک ہتھیار کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔ سندھ طاس معاہدہ، جو پاکستان اور بھارت کے درمیان 1960 میں عالمی ضامنوں کی موجودگی میں طے پایا تھا، ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے۔ بھارت کی جانب سے اس معاہدے کی خلاف ورزیاں اور اس کو خود ساختہ طور پر ختم کرنے کے دعوے بین الاقوامی قوانین کی سنگین پامالی ہیں۔ کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر اس معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا، اور نہ ہی پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی اقدامات کا نوٹس لے کر خطے میں آبی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔
علاوہ ازیں، بھارت کی طرف سے پہلگام میں رچایا گیا فالس فلیگ آپریشن انتہائی قابل مذمت ہے۔ بھارت نے یہ واقعہ خود منصوبہ بندی کے تحت انجام دے کر اس کا الزام پاکستان پر ڈالنے کی بھونڈی کوشش کی، جس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا اور اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانا تھا۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈے بھارت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ہم کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان شاء اللہ وہ دن جلد آئے گا جب کشمیر میں آزادی کا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوگا۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا۔






