مولانا فضل الرحمان کا حکومت سے سوال: آبنائے ہرمز اور تیل کی ترسیل پر وضاحت مانگ لی
اسلام آباد(الیون نیوز)مولانا فضل الرحمان نے ملک میں تیل کی قیمتوں اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو اصل حقائق بتائے جائیں۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت ایک طرف عوام سے کہہ رہی ہے کہ تیل کم خرچ کریں کیونکہ آبنائے ہرمز بند ہونے کی وجہ سے تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے، جبکہ دوسری طرف دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی جھنڈے تلے دس جہاز آبنائے ہرمز عبور کر چکے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ جہاز واقعی پاکستان پہنچے ہیں تو پھر ملک میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا گیا؟ اور اگر یہ جہاز پاکستان نہیں آئے بلکہ کسی دوسرے ملک کی طرف گئے ہیں تو قوم کو بتایا جائے کہ ان جہازوں کے ساتھ کیا معاملہ ہوا۔
مولانا فضل الرحمان کے مطابق یہ واضح کیا جائے کہ آیا یہ جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوئے یا نہیں، کیا وہاں تیل اتارا گیا، یا پھر تیل دوسرے جہازوں میں منتقل کر کے کسی اور ملک کو بھیج دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس پورے عمل کے دوران پاکستان کو کوئی آمدن یا مالی فائدہ حاصل ہوا ہے تو حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کو مکمل سچائی بتانا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ ملک میں تیل کی قیمتوں اور ترسیل کے حوالے سے پھیلنے والی ابہام کی صورتحال ختم ہو سکے۔
0





