لاہور (الیون نیوز) پیٹرول کی بچت کے لیے لاہور ہائی کورٹ اور پنجاب کی ضلعی عدالتوں میں چار روزہ ورکنگ ہفتہ نافذ کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ سمیت پنجاب کی تمام ضلعی اور ماتحت عدالتیں اب پیر سے جمعرات تک کام کریں گی جبکہ جمعہ اور ہفتہ کے روز صرف ہنگامی مقدمات کی سماعت ہوگی۔
اس کے ساتھ ججوں کے پیٹرول (ایندھن) الاؤنس میں بھی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ ججوں کے ایندھن الاؤنس میں 50 فیصد جبکہ دیگر عدالتی افسران اور ضلعی ججوں کے الاؤنس میں 25 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ ججوں کی سکیورٹی اور پروٹوکول گاڑیوں میں بھی کمی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔






