0

جہلم جیل کا خطرناک قیدی دوران پیشی فرار: پولیس کی نااہلی یا ملی بھگت افغان شہری عبداللہ گل منشیات اور ناجائز اسلحہ سمیت متعدد کیسز میں ملوث ملزم، چکوال پیشی کے دوران فرار، ضلع بھر میں ہلچل






جہلم جیل کا خطرناک قیدی دوران پیشی فرار


جہلم جیل کا خطرناک قیدی دوران پیشی فرار: پولیس کی نااہلی یا ملی بھگت

افغان شہری عبداللہ گل منشیات اور ناجائز اسلحہ سمیت متعدد کیسز میں ملوث، ملزم چکوال پیشی کے دوران فرار، ضلع بھر میں ہلچل

(الیون نیوز) تفصیلات کے مطابق جہلم کی ضلعی جیل سے ایک خطرناک قیدی، عبداللہ گل، جو منشیات اور ناجائز اسلحہ سمیت متعدد مقدمات میں سزا یافتہ ہے، دوران پیشی اچانک فرار ہو گیا۔ قیدی کو جہلم سے چکوال پیشی کے لیے لایا گیا تھا، جہاں اس کے کئی مقدمات چل رہے تھے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ محسن نے صحافیوں کو بتایا کہ پیشی کے دوران عبداللہ گل پولیس کی نظروں سے اوجھل ہو گیا۔ اس واقعے نے پولیس کی کارکردگی اور سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے، اور شہری حلقوں میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ ایک خطرناک قیدی جسے بیڑیوں اور ہتھکڑیوں میں پیشی پر لایا جاتا ہے، کیسے بھاگ سکتا ہے۔ شہری، سماجی اور کاروباری حلقوں نے کہا ہے کہ ایسے خطرناک قیدی کو ہر ممکن کوشش کر کے گرفتار کیا جائے اور مکمل انکوائری کی جائے کہ آیا یہ ناکامی محض کوتاہی تھی یا کسی ملی بھگت کا نتیجہ۔

پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور فرار ہونے والے قیدی کو گرفتار کرنے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ شہر میں ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے تاکہ قیدی کی گرفتاری جلد از جلد ممکن ہو سکے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس عبداللہ گل کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔

(الیون نیوز)


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں